بہاولپور (نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بہاولپور کا دورہ کیا اور محکمہ صحت کے جاری و ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا، پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ، اراکین صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال، ڈاکٹر رانا محمد طارق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے زیر انتظام جھانگی والا روڈ پر زیر تعمیر 50 بستروں پر مشتمل برن یونٹ کی مجوزہ سائٹ کا معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ 44 کنال اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی لاگت تقریباً 4.3 ارب روپے ہے، جبکہ منصوبے کو 15 سے 16 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے چلڈرن ہسپتال بہاولپور کے بارے میں بھی دریافت کیا جو 20 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے بہاولپور ڈویژن اور گردونواح کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے سر صادق عباسی ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پیڈیاٹرک آرتھوپیڈک وارڈ کا افتتاح کیا۔ ابتدائی طور پر اس وارڈ میں 10 بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی، فارمیسی اور ڈائیگنوسٹک سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں۔
صوبائی وزیر صحت نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے باہر وزیراعلیٰ پنجاب فلاحی پروگرام کے تحت میت منتقلی سروس کا افتتاح بھی کیا۔ ابتدائی مرحلے میں 8 ائیرکنڈیشنڈ ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں، جبکہ اس سروس کو 90 روز میں صوبہ بھر میں تحصیل سطح تک توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے بہاولپور میں زیر تعمیر تھیلیسیمیا یونٹ کا بھی دورہ کیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 60 بستروں پر مشتمل اس یونٹ میں محفوظ خون کی منتقلی سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے قائداعظم میڈیکل کالج میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے مسائل اور ضروریات دریافت کیں۔ اجلاس میں کارڈیک، پلمونولوجی، آرتھوپیڈک، جنرل سرجری سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور تمام منصوبوں کو معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے گا۔