بہاولپور (نیوز ڈیسک)پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان نے کہا ہے کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس صوبہ بھر میں منشیات کے خاتمے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ منشیات کی سپلائی لائن منقطع کرکے ان کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان نے بتایا کہ فورس نے بہاولپور میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران 96 ملزمان کو گرفتار کرکے ساڑھے چھ من سے زائد (260.6 کلوگرام) منشیات برآمد کی اور 31 مقدمات درج کیے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 12 موٹر سائیکلیں، ایک کار اور 5 آتشیں ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کی سپلائی لائن توڑنے اور نیٹ ورک ختم کرنے کے لیے فورس نے 15 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور 178 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جبکہ مختلف علاقوں میں 39 ناکے لگا کر مؤثر چیکنگ بھی کی گئی۔
لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان نے کہا کہ منشیات فروشوں کی سپلائی لائن منقطع کرکے ان کا نیٹ ورک توڑنا ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کے لیے فورس ہر سطح پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر CNF نے کہا کہ فورس "منشیات سے پاک پنجاب، صحت مند پنجاب” کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صوبے سے منشیات کے خاتمے کے لیے وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں اور منشیات فروشوں یا مشکوک سرگرمیوں سے متعلق معلومات ہیلپ لائن 1012 پر فراہم کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔