بہاولپور (نیوز ڈیسک) شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سینٹر ملتان کے اشتراک سے طلبہ و طالبات کے لیے پاکستان نیوی میں ملازمت کے مواقع سے متعلق آگاہی اور موٹیویشنل لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان نیوی کے آفیسر کمانڈر عامر حسین خان نے طلبہ و طالبات کو شارٹ سروس کمیشن کے تحت دستیاب کیریئر مواقع، بھرتی کے طریقہ کار، اہلیت اور پاکستان نیوی میں پیشہ ورانہ ترقی کے امکانات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نوجوانوں کو باوقار کیریئر کے ساتھ ساتھ ملک کی خدمت کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
لیکچر میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی (ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز)، ڈاکٹر شہباز علی خان (چیئرمین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن)، ڈاکٹر شہزاد احمد خالد (ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز)، فاطمہ مظاہر (ڈپٹی رجسٹرار پبلک افیئرز) سمیت مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض لیکچرر احمد بلال نے انجام دیئے۔ لیکچر کے اختتام پر طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان نیوی میں کیریئر سے متعلق مختلف امور پر رہنمائی حاصل کی۔