بہاولپور (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی صلاح الدین (پی پی ایم) نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب کے ہمراہ ڈی پی او آفس بہاولپور کے کانفرنس روم میں عیدالاضحی اور محرم الحرام 2026 کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن سید جمشید علی شاہ، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ برانچز کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے ضلع بہاولپور کے جغرافیائی خدوخال، عیدالاضحی کے اجتماعات، حساس مقامات، مجالس و جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور عید و محرم کے دوران کیے جانے والے سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں مجالس و جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، ناکہ بندی، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، باڈی کیم مانیٹرنگ اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مجالس و جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی مؤثر نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ، مشکوک افراد پر کڑی نظر اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
آر پی او بہاولپور نے مزید ہدایت کی کہ پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی ڈیوٹی کی خود نگرانی کریں اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ضروری احکامات بھی جاری کیے۔
ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاولپور پولیس محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہے گی۔