رحیم یارخان (نیوز ڈیسک) تھانہ ماچھکہ پولیس نے کچہ کے علاقے میں کامیاب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 25 لاکھ روپے سر کی قیمت رکھنے والے خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو سیلرا کو ایک ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ کارروائی ڈی پی او عرفان علی سموں کی ہدایات اور ڈی ایس پی بھونگ اشرف قریشی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ وقاص اللہ دتہ بھنڈر نے پولیس اور ایلیٹ فورس کی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کچہ کے علاقے میں کی۔
پولیس کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو سیلرا کو اس کے ایک ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کو ان سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او وقاص اللہ دتہ بھنڈر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔