احمد پور شرقیہ (نیوز ڈیسک) میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مختلف سرکاری اداروں، ممبران امن کمیٹی، سول سوسائٹی، سماجی شخصیات اور صحافیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اقراء ناصر اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ محرم الحرام کا پرامن انعقاد ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، علمائے کرام، امن کمیٹی، انجمن تاجران، میڈیا اور عوام کے مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور باہمی اعتماد، رواداری اور اتحاد کے ذریعے ہی معاشرے میں دیرپا امن قائم رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے مثبت رپورٹنگ کے ذریعے امن و امان کے قیام میں قابلِ قدر کردار ادا کیا، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کلب صحافتی شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور اس سے وابستہ صحافیوں نے مثبت رپورٹنگ کے ذریعے امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر اعوان نے کہا کہ میڈیا کلب کی جانب سے امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی اور ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔
صدر میڈیا کلب شیخ عزیز الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں کردار ادا کرنے والے تمام سرکاری اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، علمائے کرام، ممبران امن کمیٹی، ریسکیو اہلکاروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شخصیات کی حوصلہ افزائی دراصل امن، رواداری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔ شیخ عزیز الرحمن نے کہا کہ میڈیا کلب ہمیشہ مثبت اور ذمہ دار صحافت، عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی، قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا کلب مستقبل میں بھی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے امن، ترقی اور عوامی خدمت کے مشن کو اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھاتا رہے گا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی چوہدری جاوید اختر، ایس ایچ او سٹی غلام عباس نیازی، ایس ایچ او صدر طاہر اقبال، انچارج ریسکیو 1122 محمد رفیق، تحصیلدار طاہر نوید انجم، ممبر امن کمیٹی شیخ محمد ایوب راجپوت، خواجہ محبوب الحسن، عمر خورشید سہمن، مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری آفتاب خان ڈاہر، سیکیورٹی برانچ کے چوہدری منور، گل شہباز بڈانی، محمد سلیم چوہان، فقہ جعفریہ سے سید تنویر حسین بخاری، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر خاور عباس بھٹہ، این جی او سیکٹر سے حمیرہ شریف، سماجی کارکن جان محمد چوہان، مقامی چینل کے نمائندے ڈاکٹر خادم حسین سومرو، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کوآرڈینیٹر چوہدری سردار احمد، سینئر جرنلسٹ اظہر علی دانش اور فقہ جعفریہ سے سید سبطین حیدر المعروف رانجھو سائیں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے رکن مولانا عبدالعزیز خان فیضی، محمد اشفاق سلفی، صدر انجمن تاجران و رائٹرز مخدوم سید علی رضا کاظمی، سید محمد علی شاہ، جماعت اہل سنت کے تحصیل امیر مہر سعید احمد سعیدی، سیاسی و سماجی رہنما مخدوم غلام مجتبیٰ بخاری، صدر پریس کلب راشد عزیز ہاشمی، سپیشل برانچ کے اہلکار سجاول انصاری، میڈیا کلب کے سینئر نائب صدر اعجاز حسین مغل، سوشل میڈیا کیمرہ مین خالد نواز خان، خواجہ فہیم، محمد یعقوب خان، ڈاکٹر دیوان عرفان بخاری، وحید مراد خان لاشاری، سیکرٹری جنرل مرکزی انجمن تاجران اوچ شریف چوہدری محمد طارق اور محمد عابد ڈھول کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
تقریب کے اختتام پر سابق صدر بار احمد پور شرقیہ مہر شوکت یار خان ایڈووکیٹ، صدر میڈیا کلب شیخ عزیز الرحمن اور سیکرٹری جنرل سید آصف حسین بخاری نے اسسٹنٹ کمشنر اقراء ناصر اعوان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر میڈیا کلب کے عہدیداروں نے شہری مسائل کی نشاندہی بھی کی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں سینئر سپورٹس مین و انٹرنیشنل کوچ لالہ محمد اسلم قریشی، سابق کونسلر شیخ محمد قاسم، احسن خان خاکوانی، ارسلان قائم خانی، خواجہ حسن، نور المصطفیٰ خان فیضی، ظہور احمد بڈانی، سینئر جرنلسٹ جاوید احمد مغل، محمد سلیم آغا، حافظ شفیق الرحمن، غلام حسین قریشی، مفیض الرحمن خان نتکانی، محمد اسماعیل بھٹی سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔