بہاولپور (نیوز ڈیسک) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے پرچم کشائی کی اور فیکلٹی، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ہمراہ قومی ترانہ پیش کیا۔
وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہماری قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے اور آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ افواجِ پاکستان نے حالیہ دنوں میں دشمن کو شکست دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں اور کوئی طاقت پاکستان کو جھکا نہیں سکتی۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا لگایا اور ’’پلانٹ فار قائد‘‘ مہم کے تحت بچوں میں پودے تقسیم کیے۔ کانفرنس روم میں جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا، جس میں ڈینز، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
وائس چانسلر نے ایچ ایچ آر ڈی کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کے لیے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی، جبکہ سیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی کے درجہ چہارم کے ملازمین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
بعد ازاں وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ نئی یونیورسٹی ویب سائٹ اور ایس ڈی جیز سینٹر کی ویب سائٹ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں طلبہ و طالبات کے پوئٹری میکنگ مقابلے میں بھی شرکت کی۔
دریں اثنا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بہاولنگر اور رحیم یار خان کیمپسز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے۔