بہاولپور (نیوز ڈیسک) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے زیرِ اہتمام سپورٹس ٹورنامنٹ 2025-2026ء کے اختتام پر تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل تھے۔
تقریب میں سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ، کنٹرولر امتحانات سید محمد وحید الزمان ہمدانی، آڈٹ آفیسر محمد شہزاد، ڈائریکٹر سپورٹس محمد جاوید شاہ، سی ای او ایجوکیشن بہاولپور، ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید، اداروں کے سربراہان، اساتذہ، کوچز اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل طلبہ کی جسمانی نشوونما کے ساتھ ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند جسم ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ میں بھرپور حصہ لینے والے طلبہ، کھلاڑیوں، ٹیموں اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اپنے ادارے، والدین اور علاقے کا نام روشن کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل اور سیکرٹری بورڈ پروفیسر عدیل مالک چیمہ نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی فاتح ٹیموں میں انعامات، ٹرافیاں اور اعزازات تقسیم کیے۔ انٹر ڈسٹرکٹ بوائز ٹورنامنٹ میں اوور آل بیسٹ سکول کا اعزاز گورنمنٹ ہائی سکول مہاجر کالونی لیاقت پور، انٹر ڈسٹرکٹ سکولز گرلز میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک نمبر 38/BC بہاولپور جبکہ انٹر کالجیٹ گرلز ٹورنامنٹ میں پنجاب گرلز کالج بہاولپور کی ٹیم نے حاصل کیا۔
تقریب کے شرکاء نے سپورٹس سرگرمیوں کے انعقاد اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے بورڈ انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔