بہاولپور (نیوز ڈیسک) دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ طالبات نے تقریری مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ ڈے کیئر سنٹر کے بچوں نے ملی نغموں پر پرفارمنس پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں وطن سے وفاداری، ذمہ داری اور قومی عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے علم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، معاشی خود انحصاری اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان بیٹیاں ملکی ترقی کی اہم قوت ہیں اور جامعات کی ذمہ داری ہے کہ طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیق، قیادت اور تخلیقی سوچ کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ وطن سے محبت کا حقیقی تقاضا اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنا اور ملک کی ترقی میں عملی کردار ادا کرنا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ صادق کالج ویمن یونیورسٹی طالبات کو جدید تعلیم، تحقیق اور قومی شعور سے آراستہ کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ وائس چانسلر نے فیکلٹی اور طالبات کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ بعد ازاں انہوں نے ارفع کریم اکیڈمک بلاک کے سامنے پودا بھی لگایا اور شجرکاری و ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت اجاگر کی۔ تقریب میں اساتذہ، انتظامی افسران، ملازمین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔