رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین (پی پی ایم) نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، میرٹ اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وہ آئی جی پنجاب پولیس کی پبلک آؤٹ ریچ پالیسی کے تحت خان پور میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ کھلی کچہری میں ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں، سرکل پولیس آفیسر خان پور شاہد نذیر اور سرکل خان پور سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ اوز نے شرکت کی، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔
آر پی او غازی صلاح الدین نے شہریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ پولیس افسران کو درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹس طلب کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کریں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائیں۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ سٹی خان پور عاصم شفیق، ایس ایچ او تھانہ صدر حاجی محمد مسلم ضیاء، ایس ایچ او ظاہر پیر احمد بن قاسم، ایس ایچ او سہجہ محمد راحت اور ایس ایچ او اسلام گڑھ عارف خان چانڈیہ بھی موجود تھے۔