بہاولپور (نیوز ڈیسک) کنٹرولر امتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور سید محمد وحید الزمان ہمدانی نے انٹرمیڈیٹ کے مارکنگ سنٹر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 حاصل پور کا دورہ کیا اور جاری مارکنگ کے عمل اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات نے مارکنگ سنٹر میں دستیاب سہولیات، مارکنگ کے لیے کیے گئے انتظامات، امتحانی عملے کی حاضری اور دیگر متعلقہ امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مارکنگ عملے کو ہدایت کی کہ امیدواروں کی جوابی کاپیوں کی جانچ مقررہ قواعد و ضوابط اور مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائے۔
سید محمد وحید الزمان ہمدانی نے کہا کہ مارکنگ میں شفافیت، میرٹ اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مارکنگ کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ طلبہ کے مستقبل کے پیش نظر جوابی کاپیوں کی جانچ انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کی جائے۔
کنٹرولر امتحانات نے مارکنگ سنٹر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سپروائزر کو ہدایت کی کہ مارکنگ کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور اس دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔