بہاولپور (نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر بہاولپور کی سیاست میں اہم سیاسی رابطوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، جبکہ نئی سیاسی صف بندی کے امکانات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔
صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے اپنے فرزند اور رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضیٰ محمود کے ہمراہ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران این اے 168 کے ضمنی انتخاب، آئندہ سیاسی حکمت عملی، باہمی سیاسی تعاون اور بہاولپور ڈویژن کے مستقبل کے سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں چوہدری طارق بشیر چیمہ اور ان کے بعض سیاسی رفقا کی آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا اور مزید مشاورت متوقع ہے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی نتاشہ دولتانہ، ایم پی اے سید عامر گیلانی، خواجہ رضوان عالم، سید عرفان گردیزی، چوہدری ولی داد چیمہ، جاوید اکبر ڈھلوں، عبدالقادر شاہین اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
این اے 168 ضمنی الیکشن، متعدد امیدوار میدان میں
مرحوم رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی این اے 168 بہاولپور کی نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے متعدد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں چوہدری طارق بشیر چیمہ، چوہدری ولی داد چیمہ، ملک منیر اقبال چنڑ، سمیع اللہ چوہدری، عقیل نجم ہاشمی، محمد بلال بلوچ، منور حیات عباسی، سردار حماد میرانی اور نصیر احمد ناصر سمیت دیگر امیدوار شامل ہیں۔
الیکشن شیڈول کے مطابق امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 20 اگست کو جاری کی جانی تھی، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 اگست تک مکمل ہوگی۔ فیصلوں کے خلاف اپیلیں 28 اگست تک دائر کی جا سکیں گی اور اپیلیٹ ٹربیونل 3 ستمبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گا۔
نظرثانی شدہ فہرست 4 ستمبر کو جاری ہوگی، امیدواروں کے کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 7 ستمبر مقرر ہے، جبکہ انتخابی نشانات 8 ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 27 ستمبر 2026 کو ہوگی۔