بہاول پور (نیوز ڈیسک) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) بہاولپور سرکل میں مالی سال 26-2025ء کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف انجینئر کسٹمر سروسز سید جواد منصور احمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد، یونین عہدیداران سمیت افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
چیف انجینئر کسٹمرسروسز سید جواد منصور احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 26-2025ء میں میپکو کی بہترین کارکردگی کا کریڈٹ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد، چیئرمین میپکو بورڈ انجینئر عامر ضیاء، تمام افسران، فیلڈ ورکرز اور محنت کشوں کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمپنی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کی۔ ان کی انتھک محنت اور مؤثر نگرانی کے نتیجے میں میپکو نے نہ صرف اپنے کارکردگی کے اہداف حاصل کئے بلکہ ملک کی بہترین بجلی تقسیم کار کمپنی کا اعزاز بھی حاصل کیا جو پورے پاور سیکٹر کے لئے ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میپکو نے مالی سال کے دوران لائن لاسز میں نمایاں کمی، ریکوری میں بہتری اور مالی خسارے میں کمی کے اہداف حاصل کئے۔ بجلی چوری کے خاتمے کے لئے رینجرز، پولیس اور دیگر متعلقہ فورسز کے تعاون سے بھرپور آپریشنز کئے گئے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ صارفین کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے میپکو ریجن کے 15 اضلاع میں کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے جو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے شعبے میں ایک اہم اور منفرد اقدام ہے۔
چیف انجینئر کسٹمر سروسز نے مزید کہا کہ میپکو کی ٹرانسفارمر ریکلیمیشن ورکشاپ کا آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کرنا بھی ایک اہم اعزاز ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی ایسی ورکشاپ ہے جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹرانسفارمرز کی مرمت اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔ میپکو نے جدید ٹیکنالوجی، بہتر کسٹمر سروس، لائن لاسز میں کمی، ریکوری میں بہتری اور بجلی چوری کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے پاور سیکٹر میں اپنی نمایاں حیثیت مزید مستحکم کی ہے۔
سید جواد منصور احمدنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انعامات اور اسناد کی تقسیم کا مقصد محنت کرنے والے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی اور دیگر ملازمین کو بھی بہترین کارکردگی کے لئے متحرک کرنا ہے۔ میپکو کی ترقی اور کامیابی میں فیلڈ سٹاف اور محنت کشوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میپکو بہاولپور سرکل کے افسران و ملازمین نے مالی سال 26-2025ء میں کمپنی کے اہداف کے حصول کے لئے بھرپور محنت کی ہے۔ ہم آئندہ بھی اسی جذبے، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کی طرح تمام اہداف حاصل کریں گے اور میپکو کا نام مزید روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لائن لاسز اور مالی خسارے میں مزید کمی، ریکوری میں بہتری اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام افسران و ملازمین اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رحمت اللہ، ڈپٹی کمرشل منیجر اکرام الحق، ایکسین احمد پور ایسٹ ڈویژن ممتاز علی سولنگی، ایکسین لودہراں ڈویژن قمر زمان، ایکسین ماڈل ٹاؤن ڈویژن عامر رشید بابر، ایکسین کہروڑپکا ڈویژن محمد عاصم رشید، ایکسین دنیاپور ڈویژن سکندر حیات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن نور زمان، یونین عہدیداروں چوہدری غلام رسول گجر اور شبیر گجر کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔