بہاولپور(نیوز ڈیسک)رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ جس آئینی ترمیم میں بہاولپور صوبے کی بحالی شامل نہیں ہوگی، وہ نہ تو اس کا حصہ بنیں گے اور نہ ہی ووٹ دیں گے، جبکہ مجوزہ ریفرنڈم میں بہاولپور صوبے کو شامل نہ کیا گیا تو اس کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔
بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کا شور مچا ہوا ہے، لیکن پہلے سے الگ صوبے کی حیثیت رکھنے والے بہاولپور کو نئے صوبوں کی فہرست سے باہر رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہاولپور کے عوام اب کسی سازش کا شکار نہیں ہوں گے اور اپنا آئینی و تاریخی حق لے کر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کو ایک مفتوح علاقہ سمجھ کر ہر کوئی اپنے ساتھ شامل کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں جنوبی پنجاب سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن بہاولپور کے عوام جنوبی پنجاب کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔ ہم پہلے تخت لاہور کے دست نگر رہے ہیں اور اب ملتان کے زیرِ اثر نہیں رہ سکتے کیونکہ ملتان کے وڈیرے کبھی بہاولپور کو اس کا جائز حق نہیں دیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 1985ء سے پہلے جنوبی پنجاب کی اصطلاح تک استعمال نہیں ہوتی تھی، مگر آج بہاولپور کی الگ شناخت اور تاریخی حیثیت کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے عوامی نمائندوں اور سیاسی قیادت کو تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، اور ڈویژن کے تمام 16 ارکان قومی اسمبلی کو اس مقصد کے لیے متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے نواب صلاح الدین عباسی سے بھی اپیل کی کہ وہ صوبے کی بحالی کی تحریک کی قیادت کریں۔
حکومتی ترجیحات پر تنقید کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ 11 ارب روپے کا جہاز خریدنے کے بجائے اگر یہ رقم بہاولپور کے عوام کی ترقی پر خرچ کی جاتی تو ہر ضلع کو چار، چار ارب روپے مل سکتے تھے۔ یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے صرف درجہ چہارم کی نوکریاں رہ گئی ہیں، جبکہ ایک چپڑاسی کا تبادلہ بھی لاہور سے ہوتا ہے۔ پورے صوبے اور ملک پر حکمرانی کرنے والوں کو جنوبی پنجاب اور بہاولپور کی محرومیاں کبھی نظر نہیں آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ مخدوم احمد محمود سے ہونے والی ملاقاتوں میں انہوں نے بہاولپور صوبہ بحالی کی کوششوں میں حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ یکم دسمبر کو لاہور میں بہاولپور صوبے کے حوالے سے ایک اجلاس بھی رکھا گیا ہے، تاہم بہاولپور کے حقوق اور تاریخی حیثیت کو نظرانداز کر کے کوئی فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ اگر بہاولپور صوبے کی بحالی کے مطالبے کو نظرانداز کیا گیا تو وہ آئینی ترمیم کے موقع پر احتجاجاً ایوان سے باہر آ جائیں گے، اور اس حوالے سے اسلام آباد میں بھی پریس کانفرنس کریں گے۔
آخر میں انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ بہاولپور کے عوام کے مقروض ہیں اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صوبے کی بحالی کی تحریک میں کوئی ساتھ کھڑا ہوا تو مل کر کوشش کریں گے اور اگر کوئی ساتھ نہ بھی دے تو وہ تنہا اپنی استطاعت کے مطابق جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس مقصد کے لیے جان دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔