بہاولپور(نیوز ڈیسک)محکمہ بلڈنگ بہاولپور میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، بوگس ادائیگیوں اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر محکمانہ احتساب کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) پنجاب نے لال سوہانرا نیشنل پارک کے ایکو ٹورازم منصوبے میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیوں اور ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال پر پہلے ہی پیڈا ایکٹ کی کارروائی کا سامنا کرنے والے سابق ایکسین نثار احمد سمیت چار افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت ایک اور انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔
"ریگزار” کی نشاندہی پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات پنجاب نے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں الزامات درست ثابت ہونے اور بدعنوانی و اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق ایکسین نثار احمد کے ہمراہ ایس ڈی او رحمت علی، سب انجینئر غلام یاسین اور سب انجینئر وسیم صادق کے خلاف پیڈا کارروائی کی سفارش کی تھی۔
واؤچرز کے بغیر ایڈوانس ادائیگیوں ،غیر قانونی طو رپربینک گارنٹیز اورسکیورٹیز جاری کیں
رپورٹ کے مطابق سابق ایکسین نثار احمد نے بہاولپور میں تعیناتی کے دوران جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں میں فارم نمبر 2 کے ذریعے واؤچرز کے بغیر ایڈوانس ادائیگیاں کیں، جن میں خواتین تحفظ مرکز کا قیام، پنجاب بھر میں باقی ماندہ 24/7 بنیادی مراکز صحت کی بحالی، خستہ حال بنیادی و دیہی مراکز صحت کی تعمیر نو اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے منصوبے شامل ہیں۔
اسی طرح قائداعظم میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش، جوڈیشل کمپلیکس بہاولپور کے رہائشی بلاک کی تعمیر، ڈیرہ وڑائچ قلعہ چولستان ٹورسٹ ریزورٹ کی اپ گریڈیشن، خواتین تحفظ مرکز، سرکٹ ہاؤس بہاولپور کی بحالی، پولیس اسٹیشن مسافر خانہ میں نئی پولیس پوسٹ کی تعمیر، بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی بہتری، محکمہ زراعت، بنیادی مراکز صحت کی تعمیر نو، نئے عدالتی بلاک اور پنجاب پولیس کے منصوبوں کی تکمیل سے قبل ٹھیکیداروں کو بینک گارنٹیز واپس کر کے سرکاری خزانے کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔
مزید برآں کالج آف نرسنگ، فشریز انفراسٹرکچر، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، جوڈیشل افسران کی رہائش گاہوں، بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آرتھو کمپلیکس، پنجاب میڈیکل فیکلٹی و الائیڈ ہیلتھ سکول آف پیرامیڈکس، پنجاب ہائی وے پٹرول کے ریجنل آفس، جنوبی پنجاب کے دیہی مراکز صحت کی بحالی اور لال سوہانرا نیشنل پارک کے ایکو ٹورازم منصوبوں سمیت تعمیراتی کاموں کی تکمیل سے قبل ٹھیکیداروں کو سکیورٹی رقوم واپس کی گئیں، جن میں لال سوہانرا ایکو ٹورازم منصوبے کی پرفارمنس سکیورٹی کی مد میں ایک کروڑ 81 لاکھ 35 ہزار 500 روپے بھی شامل ہیں۔
سیکرٹری مواصلات و تعمیرات پنجاب نے نئی انکوائری کے لیے چیف انجینئر پی اینڈ ڈی خالد حفیظ کو انکوائری افسر جبکہ بلڈنگز سب ڈویژن نمبر 1 بہاولپور کے ایس ڈی او کو محکمانہ نمائندہ مقرر کیا ہے۔
لال سوہانرا ایکو ٹورازم منصوبے میں بوگس ادائیگیوں اور ناقص تعمیراتی میٹریل پرنثار احمد،رحمت علی اور وسیم صادق پہلے بھی پیڈا ایکٹ کا سامنا کر رہے ہیں
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے لال سوہانرا نیشنل پارک کے ایکو ٹورازم منصوبے کی تحقیقات میں میسرز پیروال کنسٹرکشن کو اڑھائی کروڑ روپے کی بوگس ادائیگی اور ناقص میٹریل کے استعمال کی تصدیق کی تھی، جس پر سابق ایکسین نثار احمد، ایس ڈی او رحمت علی اور سب انجینئر وسیم صادق کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت الگ کارروائی کی منظوری دی گئی تھی اور جس کی انکوائری چیف انجینئر (سنٹرل) کر رہے ہیں۔ بہاولپور میں تعیناتی کے دوران ایکسین نثار احمد کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی مقدمہ درج ہوا تھا۔