بہاولپور (نیوز ڈیسک)کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر باقاعدہ سرکاری امور کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔چارج سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے ڈویژن بھر کے انتظامی افسران اور مختلف محکموں کے سربراہان کے ساتھ ایک اہم تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور میں بہتری اور عوامی ریلیف کے حوالے سے تفصیلی حکمتعملی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے واضح کیا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوامی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ وقت کے اندر اور اعلیٰ ترین معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
کمشنر بہاولپور نے مزید کہا کہ سرکاری امور میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوامی خدمت کے مشن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید فعال بنائیں تاکہ حکومتی ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔