بہاول پور (نیوز ڈیسک) ورلڈ ہیلتھ ڈے کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بہاولپور کے زیر اہتمام صحت عامہ کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔واک میں شہریوں، طلبہ اور رضاکاروں نے شرکت کی اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن بہاولپور و ضلعی امیر جماعت اسلامی نصر اللہ خان ناصر نے واک کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی روزمرہ زندگی میں صحت کے اصولوں کو اپنائیں، متوازن غذا کا استعمال کریں اور باقاعدہ ورزش کو معمول بنائیں تو ہم نہ صرف بیماریوں سے بچ سکتے ہیں بلکہ ایک مضبوط اور فعال معاشرہ بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سینئر نائب صدر سید مقصود الحسن بخاری نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، اور اگر ہم بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں تو بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف علاج کی سہولیات فراہم کرتی ہے بلکہ عوام میں صحت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے بھی مسلسل کوشاں ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
جنرل سیکرٹری پروفیسر عتبان اللہ نے کہا کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صفائی ستھرائی کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تیز رفتار زندگی کے باعث لوگ اپنی صحت کو نظر انداز کر دیتے ہیں، جو بعد میں سنگین مسائل کا سبب بنتا ہے۔
پتھالوجسٹ ڈاکٹر سلمان رضوی،الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر بہاولپور نے کہا کہ صحت کے مسائل سے بچاؤ کے لیے بروقت تشخیص اور آگاہی نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بیماریاں ابتدائی مراحل میں واضح علامات ظاہر نہیں کرتیں، اس لیے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ اور ٹیسٹ کروانا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت ڈائیگناسٹک سنٹر عوام کو معیاری، جدید اور سستی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے تاکہ ہر شہری اپنی صحت کے حوالے سے باخبر رہ سکے اور بروقت علاج کے ذریعے خود کو بڑی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکے۔
واک میں شریک ایک رضاکار وں کا کہنا تھا کہ ہم سب کو چاہیے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت کے اصولوں کو اپنائیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں، کیونکہ ایک فرد کی بہتری پورے معاشرے پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے خدمت کا موقع ملنا ہمارے لیے اعزاز ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ عوام میں صحت کے حوالے سے آگاہی مزید بڑھے تاکہ لوگ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ رضاکاروں نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف ایسے پروگراموں میں بھرپور شرکت جاری رکھیں گے بلکہ اپنے گھروں، محلوں اور تعلیمی اداروں میں بھی صحت مند طرزِ زندگی کے پیغام کو عام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے اور اگر وہ صحت کے اصولوں کو اپنالیں تو ایک صحت مند اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔