بہاولپور (نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے نواب سر صادق محمد خان عباسی ہسپتال کا دورہ کیااور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، فارمیسی اور مختلف وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی امداد، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مجموعی نظم و نسق کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد حامد خان نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کے اسٹاک، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی اور علاج معالجے کے معیار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سید حسن رضانے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مزید برآں ہسپتال کی صفائی ستھرائی کے نظام پر خصوصی توجہ دینے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے اور صفائی کے نظام کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔