بہاول پور (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے ویژن و احکامات کی روشنی میں ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں منعقد ہونے والی کھلی کچہری کے دوران 40 سے زائد شہریوں کے مسائل دریافت کیے۔
ڈی پی او بہاولپور نے کھلی کچہری میں تمام سائلین کی درخواستیں باری باری تفصیل سے سنیں اور انفرادی طور پر متعلقہ افسران کو بذریعہ فون کال بروقت قانونی کارروائی اور واپسی رپورٹ کے احکامات جاری کیے۔ اس دوران متعدد ایس ایچ اوز کو کھلی کچہری میں طلب کر کے براہ راست جواب طلبی بھی کی گئی۔
کھلی کچہری میں ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے متعدد درخواستوں پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ ریکوری کے مقدمات میں ڈی پی او نے تفتیشی افسران کو حکم دیا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر ریکوری مکمل کر کے مدعی مقدمہ کے حوالے کی جائے اور رپورٹ جمع کروائی جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کو میرٹ پر بروقت حل کرنا اور عوام و پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط بنانا ہے۔