بہاول پور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ضلع بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس آمد پر چاق و چوبند دستے نے کمشنر کو سلامی پیش کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد عمران اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی سکیموں، ریونیو، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔
بعد ازاں کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مختلف سرکاری اداروں اور ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا جن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، میڈیکل کالج، ستلج پارک، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر عوامی سہولیات کے مراکز شامل تھے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر نے عوامی شکایات پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر سے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر کیے جائیں۔
کمشنر نے ستلج پارک میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پاکستان کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او بہاولنگر نے امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
کمشنر نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے زیر تعمیر میڈیکل کالج کے منصوبے کو اعلیٰ معیار اور بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری سڑکوں کی دھلائی کے کام کا بھی معائنہ کیا۔