بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب بھر کی طرح بہاولپور ضلع میں بھی انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب کی ہدایت پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرتے ہوئے باقاعدہ سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کے دوران 330 سے زائد پولیس افسران و ملازمان اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عبدالوہاب نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو باقاعدگی سے چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز مفاد عامہ اور ریاستی احکامات کی روشنی میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی پی او بہاولپور نے مزید کہا کہ یہ ہمارے مستقبل کے معمار بچوں کی صحت کا معاملہ ہے، کیونکہ پولیو کے قطرے نہ پینے والے بچے ہمیشہ کے لیے معذوری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ پولیو ورکرز کو بلا خوف و خطر پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری ڈیوٹی کا حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔