بہاولپور (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین نے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، فرائض میں غفلت اور عوامی شکایات پر متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کو محکمانہ سزائیں سنا دیں۔ ریجنل پولیس آفس میں منعقدہ اردل روم کے دوران شوکاز نوٹسز اور محکمانہ اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے انسپکٹر محمد صغیر کو انسپکٹر کے عہدے سے اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی، انسپکٹر محمد انیس کو تنخواہ میں ایک اسٹیج تنزلی جبکہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر کانسٹیبل فاروق علی کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ ٹریفک وارڈن حامد فیاض، ٹریفک اسسٹنٹ محمد اسلم، جونیئر ٹریفک وارڈن غلام مرتضیٰ، ٹریفک اسسٹنٹ خلیل احمد اور ٹریفک وارڈن طارق حمید کی ایک سال کے لیے انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی۔ دوسری جانب نوکری سے برخاست ٹریفک اسسٹنٹ کو ملازمت پر بحال کرتے ہوئے برخاستگی کی سزا کو ایک اسٹیج تنخواہ میں تنزلی میں تبدیل کر دیا گیا، جبکہ نوکری سے برخاست اے ایس آئی محمد ساجد کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ملازمت پر بحال کر دیا گیا۔
ٹی/اے ایس آئی محمد عامر، کانسٹیبل محمد عرفان، اے ایس آئی محمد ارشد اور اے ایس آئی مقصود احمد کی اپیلیں منظور کر لی گئیں، جبکہ ریٹائرڈ ایس آئی شاہد ایوب کی 8 اپیلیں بھی منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف عائد سزائیں ختم کر دی گئیں۔ لیڈی کانسٹیبل فلک ناز، کانسٹیبل محمد عرفان، ایس آئی عرفان علی، کانسٹیبل محمد رشید، اے ایس آئی غلام مصطفیٰ، ہیڈ کانسٹیبل محمد احمد عمران، ہیڈ کانسٹیبل محمد شاہد، کانسٹیبل محمد قاسم، کانسٹیبل محمد یعقوب اور اے ایس آئی عبدالحمید کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔
ریٹائرڈ اسسٹنٹ محمد اسلم کا شوکاز نوٹس بھی داخل دفتر کر دیا گیا، جبکہ ایس آئی ساجد، ایس آئی محمد انور، ایس آئی شاداب، ایس آئی فضل عباس، ایس آئی محمد ندیم عباس، اے ایس آئی محمد صدیق اور انسپکٹر نذیر احمد کے تسلی بخش جوابات پر ان کے شوکاز نوٹسز بھی داخل دفتر کر دیے گئے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ محکمانہ احتساب میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی پاسداری کو مقدم رکھا جا رہا ہے۔ فرائض میں غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔