بہاولپور(نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت پانی چوری کی روک تھام، اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تنازعات کے تدارک اور متعلقہ مقدمات کی مؤثر تفتیش کے حوالے سے ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ریجن بہاولپور کے تینوں اضلاع کے پولیس افسران اور آر پی او آفس کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ایس پی لیگل/ایس پی آر آئی بی محمد خان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر محمد عبدالعلیم نے پانی چوری کے مقدمات سے متعلق قانونی و تفتیشی امور پر تفصیلی لیکچر دیا، جبکہ محکمہ انہار کی جانب سے چیف انجینئر بہاولپور ایریگیشن زون فیصل مشتاق، ایس ای کینال سرکل بہاولپور محمد بن خورشید اور فوکل پرسن کینال سرکل بہاولپور محمد خالد نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد پانی چوری سے متعلق مقدمات کے اندراج، تفتیش کے مختلف مراحل، شواہد اکٹھے کرنے اور انہیں محفوظ بنانے سمیت تفتیش کے دوران ممکنہ قانونی و تکنیکی خامیوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے حوالے سے پولیس افسران کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافہ کرنا تھا، تاکہ ایسے مقدمات کی تفتیش کو مؤثر اور قانونی تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ورکشاپ میں تربیت حاصل کرنے والے افسران کو ماسٹر ٹرینرز کے طور پر تیار کیا جائے، جو اپنے اپنے اضلاع کے تھانوں میں تعینات تفتیشی افسران کو مزید تربیت فراہم کریں، تاکہ پانی چوری کے مقدمات کی تفتیش میں بہتری لائی جا سکے اور اس حوالے سے پیش آنے والے قانونی و تکنیکی مسائل کا مؤثر تدارک ممکن ہو۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ انہار اور محکمہ مال کے تعاون سے پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور پانی چوری کے تمام ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی شخص کو دوسرے کسانوں کے حقوق پامال کرنے اور ناجائز آبپاشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔