بہاولپور(نیوز ڈیسک)ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے نواب سر صادق خان عباسی ہسپتال کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’صحت مند پنجاب‘‘ کے تحت ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد خان نے انہیں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی بلاتعطل دستیابی اور طبی عملے کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔