بہاول پور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی ہدایات پر ریجن کی 177 پولیس موبائلز میں ٹریکرز نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ آر پی او اور تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز کے دفاتر میں ان گاڑیوں کی براہِ راست نگرانی کا نظام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پولیس گشت کو مؤثر بنانا، گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس یقینی بنانا ہے۔
ٹریکرز کی تنصیب سے پولیس موبائلز کی پوزیشن اور نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے مختلف علاقوں میں پولیس کی موجودگی اور گشت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ جدید ٹریکنگ نظام کے ذریعے ایندھن اور توانائی کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔ آر پی او کی جانب سے اس مقصد کے لیے قائم سیل سے روزانہ رپورٹس طلب کی جا رہی ہیں تاکہ پولیس گاڑیوں کی نقل و حرکت اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا سکے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ گشت اپنی موجودگی اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی مدد کے لیے فوری رسپانس دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ گشت کے روٹس اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے یا گاڑی کی غلط پوزیشن ظاہر کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء آر پی او غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک انتظامات، دھند میں حادثات کی روک تھام اور پولیس کارکردگی کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب، ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران، ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں، آر ٹی او بہاولپور، تینوں اضلاع کے ڈی ٹی اوز اور آر پی او آفس کے افسران و عملے نے شرکت کی۔
آر پی او بہاولپور نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لیے ناگزیر ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق چالان اور کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کرشنگ سیزن کے پیش نظر گنے سے لدی ٹرالیوں کی محفوظ نقل و حرکت، اوورلوڈنگ کی روک تھام، ریفلیکٹرز کی تنصیب اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ فرائض دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔ تھانوں کے ریکارڈ کی درستگی، مقدمات کی میرٹ پر تفتیش، مؤثر پولیس گشت اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور کسی کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی برداشت نہ کی جائے۔
غازی محمد صلاح الدین نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور بدعنوانی، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام پولیس افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور مستعدی سے ادا کریں۔