حاصل پور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد افضل گل ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے حاصل پور، چھونا والا اور ہیڈ اسلام کے لیے گرین الیکٹرک بس سروس کی منظوری علاقے کے عوام کے لیے ایک انمول تحفہ ہے، جس سے شہریوں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
گل عوامی مرکز حاصل پور میں عوامی وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی کاوشوں اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی کوششوں سے پنجاب حکومت نے مذکورہ علاقوں کے لیے گرین بس سروس کی منظوری دی ہے۔ متعلقہ روٹس پر بس اسٹیشنوں کی تعمیر کا کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل سے طلبہ و طالبات، مزدوروں، ملازمت پیشہ افراد اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔
چوہدری محمد افضل گل ایڈووکیٹ نے کہا کہ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کی کاوشیں بھی حاصل پور اور گردونواح میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبے پر جلد عملی پیش رفت ہوگی اور بس اسٹیشنوں کی تعمیر کے بعد گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گل گروپ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔