بہاولپور (نیوز ڈیسک) اسلامیہ یونیورسٹی کی اکیڈیمک کونسل کا 62واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اکیڈیمک پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال نے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔
اکیڈیمک کونسل نے یونیورسٹی اور ملحقہ کالجز سے متعلق مختلف تعلیمی، نصابی، انتظامی اور پالیسی امور کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی اور ملحقہ کالجز میں سیمسٹر سسٹم کے تحت چار سالہ ایل ایل بی پروگرام اور اس کے نصاب کی منظوری دی گئی، جبکہ نئی تعینات شدہ ملحقہ کالجز کمیٹیوں کے ارکان کی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کی جانب سے پیش کردہ امور، ملحقہ کالجز کی نصاب کوآرڈینیشن کمیٹی کی مختلف پروگرامز کے نصاب سے متعلق سفارشات اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈیمک کی جانب سے پیش کردہ تدریسی و انتظامی امور بھی زیر غور آئے۔ طلبہ سے متعلق ری انرولمنٹ، ریپیٹ و کورس امپروومنٹ، گریس مارکس، ٹائم بارڈ کیسز، داخلہ و میرٹ اور دیگر تعلیمی پالیسی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اکیڈیمک کونسل نے مختلف شعبہ جات کے نئے اور نظرثانی شدہ نصاب، ڈگری پروگرامز، داخلہ معیار اور پروگرام اسٹرکچر سے متعلق تجاویز پر غور کیا۔ ان شعبہ جات میں بین الاقوامی تعلقات، انتھروپالوجی، انفارمیشن مینجمنٹ، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، اپلائیڈ سائیکالوجی، سوشل ورک، فارمیسی، فارماسوٹیکل کیمسٹری، فارماکولوجی، سر صادق محمد خان پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ اور سر صادق انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
اسی طرح پلانٹ بریڈنگ، سوائل سائنس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، شماریات، ریاضی، فزکس اور جغرافیہ کے شعبہ جات کی جانب سے پیش کردہ نصاب اور ڈگری پروگرامز میں ترامیم، نئے پروگرامز کے اجراء، داخلہ معیار اور دیگر تعلیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرامز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبہ جات سے متعلق نصابی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔