لاہور/لودھراں (نیوز ڈیسک) لودھراں سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی محمد زبیر خان بلوچ نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عہدے کا چارج سنبھال کر باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کر دی ہیں۔
رکن قومی اسمبلی محمد صدیق خان بلوچ کے صاحبزادے اور حلقہ پی پی 227 لودھراں سے رکن پنجاب اسمبلی محمد زبیر خان بلوچ کو حکومت پنجاب نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی مقرر کیا ہے، جس کا پنجاب فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد محمد زبیر خان بلوچ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لاہور دفتر پہنچے، جہاں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں ادارے کے امور، کارکردگی اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بعدازاں انہوں نے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فرائض دیانتداری، فرض شناسی اور میرٹ کے ساتھ انجام دیے جائیں۔
محمد زبیر خان بلوچ نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور خوراک کے معیار پر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔