بہاولپور (نیوز ڈیسک) عالمی یومِ خواندگی 2026ء کے سلسلے میں محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم ضلع بہاولپور کے زیر اہتمام نان فارمل سکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان ضلعی سطح پر ڈرائنگ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی بہاولپور منصور اختر غوری نے کی۔
اس سال عالمی یومِ خواندگی کا موضوع ’’Literacy for People, Planet and Prosperity‘‘ یعنی ’’افراد، کرۂ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ مقرر کیا گیا تھا، جسے ڈرائنگ مقابلے کا مرکزی موضوع بنایا گیا۔ ضلع بھر کے نان فارمل سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے سے مقابلے میں حصہ لیا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے خواندگی کی اہمیت، انسانی ترقی، ماحول کے تحفظ اور خوشحال مستقبل کے تصور کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا۔

مقابلے میں بچوں کی تخلیق کردہ ڈرائنگز نے ان کی فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کے ساتھ یہ پیغام بھی دیا کہ خواندگی ایک بہتر، پائیدار اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ ضلعی سطح پر بہترین قرار پانے والی ڈرائنگ کو صوبائی سطح کے مقابلے میں شرکت کے لیے لاہور بھجوا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر منصور اختر غوری نے کہا کہ ایسے تخلیقی اور تعلیمی مقابلے بچوں میں خود اعتمادی، اظہارِ خیال اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے نان فارمل سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر منعقد ہونے والی سرگرمیاں معاشرے میں تعلیم اور خواندگی کی اہمیت اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم ضلع بہاولپور کی جانب سے عالمی یومِ خواندگی 2026ء کے سلسلے میں مختلف تعلیمی اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے اس سال کے عالمی پیغام کو عام کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔