لودھراں (نیوز ڈیسک) عالمی یومِ خواندگی کے حوالے سے ڈی ای او لٹریسی آفس لودھراں کے زیرِ اہتمام طلباء و طالبات کے درمیان خصوصی آرٹ و پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ”Literacy for People, Planet and Prosperity“ یعنی ”لوگوں، کرۂ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی“ تھا۔ مقابلے کا بنیادی مقصد طلباء میں تعلیم و خواندگی کی اہمیت، تخلیقی صلاحیتوں، ماحولیاتی شعور اور بہتر معاشرے کی تشکیل کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
یہ بامقصد سرگرمی ڈی ای او لٹریسی لودھراں ڈاکٹر شازیہ نورین کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی، جس میں لٹریسی کوآرڈینیٹر حافظ محمد نعمان اشرف، ڈسٹرکٹ ٹرینر عریبہ شریف اور لٹریسی موبلائزر رشید احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ شرکاء نے طلباء کی رہنمائی کے ساتھ مقابلے کے انتظامات میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔
مقابلے میں طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پینٹنگز کے ذریعے تعلیم و خواندگی کی اہمیت، ماحول کے تحفظ، درختوں کی افادیت، انسانی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل جیسے موضوعات کو اجاگر کیا۔ طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ تعلیم اور خواندگی کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہیں اور تعلیم یافتہ افراد اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مقابلے میں طلباء و طالبات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد عروہ شہزاد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ مقابلے میں شریک تمام طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں بیگز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ اس طرح کی تعلیمی و تخلیقی سرگرمیاں طلباء میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور معاشرتی و ماحولیاتی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔