بہاولپور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، سکیورٹی انتظامات اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس کمشنر آفس بہاولپور میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ کوچیئرمین و صوبائی وزیر بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں محمد عثمان نجیب اویسی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور ڈی پی او رانا عبدالوہاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بہاولپور ڈویژن (بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان) میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا اور ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین نے سکیورٹی و انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں 514 جلوس اور 1409 مجالس منعقد ہوں گی جن کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کی معاونت کے لیے پاک فوج کی 4 جبکہ رینجرز کی 9 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران غیر معمولی سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں اور حکومت پنجاب تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن محرم کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے سبیلوں کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ امن کمیٹیاں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں اور رضاکاروں کی تربیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ وارانہ مواد اور اشتعال انگیز سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم آن لائن پورٹل فعال ہے اور تمام اضلاع بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع میں انتظامات پر بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور تمام ادارے قریبی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔
بعد ازاں کابینہ کمیٹی نے امن کمیٹی اور علماء کرام سے ملاقات کی، جس میں محرم الحرام کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ علمائے کرام اور امن کمیٹی ممبران نے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ارکان اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کوچیئرمین بلال یاسین نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے اتحاد سے پُرامن محرم الحرام یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور پُرامن محرم الحرام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔