بہاولپور(نیوز ڈیسک)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ایک اہم بین الاقوامی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ماحولیاتی پائیداری کے شعبے میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ یونیورسٹی کے گرین کیمپس پروجیکٹ کو عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارے اسپرنگر نیچر کی ممتاز کتاب "GreenMetric in Higher Education: Measuring and Reporting Sustainability Initiatives in Higher Education Institutions” میں ایک مکمل باب کی صورت میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ کتاب پائیداری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے معروف بین الاقوامی ماہرین کی ادارت میں شائع کی گئی ہے اور اس میں دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے کامیاب اور مؤثر پائیداری اقدامات کو پیش کیا گیا ہے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے باب بعنوان "Implementation of Environmental Management Systems for Sustainability” کو ڈاکٹر عابد رشید گل، پروفیسر ڈاکٹر اریبہ خان اور کاشف اکرم نے تحریر کیا ہے۔ اس باب میں یونیورسٹی کے ماحول دوست اقدامات، وسائل کے مؤثر استعمال اور پائیدار ترقی کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملیوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
یہ اشاعت اس اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کہ اسپرنگر نیچر دنیا کے معتبر ترین علمی و تحقیقی پبلشرز میں شمار ہوتا ہے۔ یونیورسٹی کے تحقیقی کام کی اس بین الاقوامی اشاعت میں شمولیت نہ صرف ادارے کی علمی ساکھ کو مستحکم کرتی ہے بلکہ اسے عالمی سطح پر ممتاز تعلیمی اداروں کی صف میں بھی نمایاں مقام دلاتی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اس کامیابی کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے لیے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے عزم، وژن اور عملی اقدامات کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے کیمپس کو ماحول دوست، وسائل کے مؤثر استعمال پر مبنی اور پائیدار تعلیمی ماحول میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین کیمپس پروجیکٹ تدریس، تحقیق، انتظامی امور اور کمیونٹی شمولیت کے ذریعے پائیداری کے اصولوں کو فروغ دینے کا ایک مثالی ماڈل بن چکا ہے۔ یہ کامیابی یونیورسٹی کی فیکلٹی، محققین، طلبہ اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں اور پائیدار ترقی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بین الاقوامی اشاعت سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی عالمی سطح پر شناخت مزید مستحکم ہوگی، بین الاقوامی تحقیقی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے میں ایک سرسبز، ماحول دوست اور پائیدار یونیورسٹی کے طور پر اس کے کردار کو مزید تقویت ملے گی۔