بہاولپور(نیوز ڈیسک)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے شفاف احتسابی عمل کو یقینی بناتے ہوئے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز، ناقص کارکردگی اور دیگر الزامات میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اردل روم میں مجموعی طور پر 35 افسران و جوان پیش ہوئے۔ کارروائی کے دوران 2 سب انسپکٹروں اور 2 ہیڈ کانسٹیبلوں کو تنزلی کی سزا سنائی گئی۔ اسی طرح 2 انسپکٹروں، 3 سب انسپکٹروں، ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 4 کانسٹیبلوں کو سروس ضبطی کی سزا دی گئی۔
مزید برآں ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 3 کانسٹیبلوں کو تنخواہ قرقی کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ 16 افسران و اہلکاروں کے جوابات سے مطمئن ہونے پر ان کے خلاف جاری شوکاز نوٹس فائل کر دیے گئے۔
ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے کہا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کے مضبوط نظام سے ہی میرٹ، شفافیت اور انصاف کا بول بالا ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، بدعنوانی، نااہلی اور ناقص تفتیش پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں صرف ایماندار، محنتی اور پروفیشنل افسران و اہلکاروں کی گنجائش ہے، جبکہ اختیارات کا ناجائز استعمال محکمہ کے وقار کو مجروح کرتا ہے اور عوام کا اعتماد متاثر کرتا ہے۔
ڈی پی او نے تمام افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے قانون کے مطابق اختیارات کا استعمال کریں تاکہ محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔