بہاولپور(نیوز ڈیسک)ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین، کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے محرم الحرام کے سلسلے میں بہاولپور شہر کے مرکزی جلوس روٹس اور امام بارگاہوں کا مشترکہ دورہ کیا اور سیکیورٹی و انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران افسران نے مرکزی شیعہ جامع مسجد، زنانہ ہسپتال روڈ، چوک بازار، مچھلی بازار، مچھلی ہٹہ، ملتانی گیٹ اور کربلا روڈ سمیت مختلف جلوس روٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جلوسوں کے عزاداران، لائسنس ہولڈرز اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے محرم الحرام کے دوران کیے گئے ضلعی انتظامات اور سیکیورٹی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی کہ حساس امام بارگاہوں اور اے کیٹیگری کے جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے مزید سخت اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریجن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر امن کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ مسلسل اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں اور تمام مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
آر پی او نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے جبکہ پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے بھی کوئیک رسپانس کے لیے موجود رہیں گے۔ سیکیورٹی کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ ادارے ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
موجودہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کمشنر بہاولپور نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور عزاداروں کو ٹھنڈے پانی کی پھوار فراہم کی جائے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے جلوسوں کے راستوں پر خصوصی کولنگ کیمپس اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی قائم کی جائیں گی۔
افسران نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلوس روٹس، داخلی و خارجی راستوں، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور سیکیورٹی ڈیوٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی کے لیے متبادل راستوں کی باقاعدہ تشہیر بھی کی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔