بہاولپور(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر بہاولپور میں جیالوں نے بھرپور جشن منایا۔ العزیز پلازہ ورکر سیکریٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران کارکنوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی، مٹھائیاں تقسیم کیں اور پارٹی قیادت و کارکنوں کو تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید سعید الدین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرکے ثابت کر دیا ہے کہ پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور ترقی کے سفر کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسفۂ بھٹو پر یقین رکھتے ہوئے جمہوریت کی آبیاری کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرکے عوام کے دل جیتے اور یہ کامیابی ان کی کارکنوں سے محبت اور جیالوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی فتح سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
سابق ٹکٹ ہولڈر سید تطہیر الحسن ترمذی (پپو بھائی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، ہاریوں اور متوسط طبقے کی حقیقی عوامی جماعت ہے۔ جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی، ملک کی معیشت مضبوط اور عوام خوشحال ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور "روٹی، کپڑا اور مکان” کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات پیپلز پارٹی کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا ساتھ دیں اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں تاکہ ملک ترقی کرے، عوام خوشحال ہوں اور غربت و بے روزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔
تقریب میں شریک جیالوں نے پارٹی مفلر پہن کر فتح کا جشن منایا اور "جیے بھٹو”، "جیے بلاول بھٹو” اور دیگر نعرے لگائے۔ تقریب کے اختتام پر سید سعید الدین نے ملک پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کرائی جبکہ شرکاء میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
تقریب میں ضلعی نائب صدر بشیر جویہ، ارشد ساجد، حاجی ریاض نوشہ، ملک غلام عباس بلوچ، معین الدین، اختر عدیل اعجاز ایڈووکیٹ، عامر سہیل، حسن انصاری، فضل ملتانی، گیٹ محسن رضا، محمد فیاض، زاہد محمد خان، محمد مختیار، محمد وسیع الحسن، آصف محمد، عبدالواسع، آصف شاہ، احسن عزیز، محمد حمزہ، محمد کامران، محمد نعمان، عمر ظہیر، یامین شاہ، محمد نسیم، محمد ندیم عطاری، عبدالرحمن، عبدالقیوم، فرحان، لیاقت، احسن رضا، ندیم ارشد، اعجاز لَبّانہ اور خرم شہزاد جون سمیت دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔