بہاولپور(نیوز ڈیسک) 7 محرم الحرام کے موقع پر مہندیِ امیرِ قاسمؑ کا ماتمی جلوس آستانہ سید روشن علی گیلانی، محلہ عام خاص سے برآمد ہوا۔ جلوس شبیہ ذوالجناح، علمِ پاک اور شبیہ مہندی کے ہمراہ مچھلی بازار، چوک کلاں، چاہ فتح خاں بازار سے ہوتا ہوا محلہ چاہ فتح میں واقع آستانہ محمد علی شاہ پہنچا، جہاں سے مہندیِ امیرِ قاسمؑ برآمد کی گئی۔ جلوس رات گئے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس آستانہ سید روشن علی گیلانی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں بہاولپور کے مقامی ماتمی دستوں کے علاوہ احمدپور شرقیہ، خان پور، مظفرگڑھ، جام پور، جلال پور، رحیم یار خان اور سندھ کے مختلف علاقوں سے آنے والے ماتمی دستوں نے شرکت کی اور نوحہ خوانی و سینہ کوبی کی۔ جلوس کے راستوں پر عزاداروں میں ٹھنڈا پانی، شربت اور نیاز تقسیم کی گئی۔
شبیہ ذوالجناح بانی سید خادم علی گیلانی اور ممبر ڈویژن امن کمیٹی و سجادہ نشین آستانہ سید روشن علی گیلانی سید مجیب روشن علی گیلانی کی سرپرستی میں برآمد کی گئی۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر سید اسرار حسین شاہ، انجمن حسینیہ معین الواعظین کے صدر میجر زاہد حسین (ر)، ممبر امن کمیٹی ریاض احمد اویسی، سید گوہر ممتاز نقوی، کوکو شاہ میر، سید جمال اور سید کامران بھی جلوس کے ہمراہ موجود تھے۔ عزاداروں کے لیے پانی، شربت، جوس، دودھ اور نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔
کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا، آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے مہندیِ امیرِ قاسمؑ کے ماتمی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جلوس کے روٹس پر صفائی، سکیورٹی، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو قناتیں لگا کر بند کیا گیا تھا جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر خاردار تاریں نصب کی گئی تھیں۔ پولیس، ایلیٹ فورس، ضلعی و صوبائی اداروں، سکیورٹی ایجنسیوں اور ریسکیو 1122 کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے گئے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔