بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاول پور زبیر شہزاد کیانی کی زیر صدارت کریمنل جسٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، عدالتی افسران، پولیس حکام، محکمہ پراسیکیوشن کے افسران اور کریمنل جسٹس سسٹم سے متعلق دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زبیر شہزاد کیانی نے ضلع بہاولپور میں انصاف کی فراہمی، نظامِ عدل کی بہتری اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے لیے مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور دیانتداری کے ذریعے فوجداری مقدمات کی مؤثر پیروی کو یقینی بنایا اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مضبوط کیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ بہاولپور میں پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان باہمی تعاون، اعتماد اور بہترین رابطہ کاری ایک قابلِ تقلید مثال ہے، جس کے باعث مقدمات کی بہتر تفتیش، مؤثر پیروی اور قانون کی بالادستی کو فروغ ملا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ندیم اقبال خاکوانی کی صلاحیتوں اور ان کی ٹیم کی مؤثر رہنمائی کو بھی سراہا اور سینئر سول جج (کریمنل ڈویژن) اور سینئر سول جج (سول ڈویژن) کی خدمات اور پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کی۔
اجلاس کے اختتام پر نظامِ انصاف کی بہتری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔