بہاولپور(نیوز ڈیسک)پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے مبینہ سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 21 کلو 600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن بہاولپور لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان کی نگرانی میں کی گئی۔ جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت سے ملزم کو منشیات کی ترسیل کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت اسداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ابتدائی اطلاعات کے مطابق عرصہ دراز سے بین الصوبائی سطح پر منشیات کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث تھا اور جنوبی پنجاب میں نیٹ ورک چلا رہا تھا۔
ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن بہاولپور لیفٹیننٹ کرنل (ر) عبدالمنان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور سمگلنگ کے طریقہ کار سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کو منشیات سے پاک بنانا فورس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ گرفتار ملزم کے خلاف نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔