بہاولپور (نیوز ڈیسک) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "پہلے عزت، پھر نفاذ” کے مطابق پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور شفاف انتظامی نظام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں سے جھگڑا، بدتمیزی اور بداخلاقی سے پیش آنے والے اہلکاروں کی پیرا فورس میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام انصاف پر مبنی انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کی جانب ایک اہم اور مؤثر پیش رفت ہے، جس کا بنیادی مقصد قانون پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو باعزت، شائستہ اور منصفانہ انداز میں خدمات فراہم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے عباسیہ کیمپس میں غلام محمد گھوٹوی ہال میں منعقدہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی ڈویژنل کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عائشہ خان، ڈویژن کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسران، متعلقہ محکموں کے افسران اور مختلف اضلاع و تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے پیرا فورس کے اہلکار بھی موجود تھے۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ قانون کا نفاذ ہر سرکاری اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اعلیٰ اخلاق، برداشت، تحمل اور خوش اسلوبی کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد کے دوران کارروائی ضرور کی جائے لیکن کسی بھی شہری کے ساتھ بدزبانی، بدتمیزی، تلخ کلامی یا غیر مناسب رویہ اختیار نہ کیا جائے کیونکہ ایک مہذب اور ذمہ دار سرکاری ادارے کی پہچان اس کے اہلکاروں کے حسنِ اخلاق اور عوام دوست رویے سے ہوتی ہے۔
انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی معاملے کو انا کا مسئلہ نہ بنائیں بلکہ ادارے کے وقار، عزت اور ساکھ کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک اہلکار کے غیر ذمہ دارانہ رویے یا نامناسب زبان کی وجہ سے پورے ادارے کی نیک نامی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے ہر اہلکار کو اپنے طرزِ عمل پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
کمشنر بہاولپور نے کہا کہ پیرا فورس کے اہلکار صرف ضرورت کے مطابق گفتگو کریں اور ہر شہری کے ساتھ احترام، شائستگی، تحمل اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اخلاقیات کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے غیر اخلاقی رویہ، اختیارات کے ناجائز استعمال، بدتمیزی یا عوام سے ناروا سلوک کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سب ڈویژنل انفورسمنٹ افسران اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پیرا فورس کے اہلکاروں کی مسلسل نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ عوام کے ساتھ کسی قسم کے کنڈکٹ کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پیرا اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق، کردار اور عوام دوست رویے کو بھی ہر سطح پر یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔