چشتیاں (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، انصاف کی بروقت فراہمی اور قانون کی بلاامتیاز عملداری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس افسران و اہلکار شہریوں سے عزت و احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے تھانہ ڈونگہ بونگا اور تھانہ سٹی ہارون آباد میں منعقدہ کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ وقت میں حل کیا جائے اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بلاوجہ پریشان کرنے والے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری ملزمان اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی پی او بہاولنگر نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے لیے کھلی کچہریوں، عوامی ملاقاتوں اور اوپن ڈور پالیسی کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ شہری بلاجھجک اپنے مسائل پیش کر سکیں۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں سے عزت و احترام سے پیش آئیں، انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ کریں اور ہر شکایت کو قانون کے مطابق مقررہ وقت میں نمٹائیں۔
اس موقع پر معززینِ علاقہ، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ڈی پی او کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے بہاولنگر پولیس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔