لیہ (نیوز ڈیسک) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چوک اعظم میں وزیراعلیٰ پنجاب ڈائیلسز پروگرام کے تحت ڈائیلسز یونٹ کی سیکنڈ شفٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ سیکنڈ شفٹ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر لیہ رانا زوہیب کریم نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈائیلسز یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رانا زوہیب کریم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق گردوں کے مریضوں کو بروقت، معیاری اور مفت علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلسز پروگرام کی سیکنڈ شفٹ کے آغاز سے مزید مریض مستفید ہوں گے، انتظار کا دورانیہ کم ہوگا اور علاج کی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈائیلسز یونٹ میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات، بروقت علاج اور خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں دورانِ علاج کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔