چشتیاں (نیوز ڈیسک) کنویں میں گری ہوئی بکری کو نکالنے کی کوشش کے دوران زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث دو بھائیوں سمیت تین نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ چشتیاں کے نواحی گاؤں چک 28 گجیانی کی اضافی بستی میں پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شام کے وقت ایک بکری کنویں میں گر گئی، جسے نکالنے کے لیے گھر کا نوجوان محمد علی ولد منیر احمد کنویں میں اترا، تاہم اندر موجود زہریلی گیس کے باعث بے ہوش ہوگیا۔ اسے بچانے کے لیے اس کا چھوٹا بھائی زین علی بھی کنویں میں اترا، مگر وہ بھی زہریلی گیس کی لپیٹ میں آکر بے ہوش ہوگیا۔ بعدازاں دونوں بھائیوں کو بچانے کی غرض سے گاؤں کا 18 سالہ نوجوان محمد اکبر کنویں میں اترا، لیکن وہ بھی زہریلی گیس سے متاثر ہو کر بے ہوش ہوگیا۔
تینوں نوجوانوں سے رابطہ منقطع ہونے پر اہل علاقہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 چشتیاں کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیم فریدکوٹ روڈ کی خستہ حال کچی سڑک کے باعث دشوار سفر طے کرکے موقع پر پہنچی اور کنویں سے تینوں نوجوانوں کو نکال کر مصنوعی تنفس اور دیگر طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس نے ورثا کی درخواست پر واقعہ کو اتفاقیہ حادثہ قرار دیتے ہوئے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد تینوں نوجوانوں کی میتیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
افسوسناک واقعے کے بعد چک 28 گجیانی اور گردونواح میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی اور سوگوار خاندان غم سے نڈھال دکھائی دیے۔