بہاولپور (نیوز ڈیسک): ممبر ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی اور جنرل سیکرٹری انجمن حسینیہ معین الواعظین احسان اللہ راحت کی سربراہی میں ایک وفد نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) غازی محمد صلاح الدین (پی پی ایم) سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران بہاولپور ڈویژن میں مثالی سکیورٹی انتظامات، قیامِ امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفد نے کہا کہ بہاولپور پولیس نے محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے، جس کے باعث عزاداران نے اپنے مذہبی فرائض مکمل اطمینان اور پرامن ماحول میں ادا کیے۔ وفد نے پولیس، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امن کمیٹیوں کے مابین مثالی رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی مؤثر ہم آہنگی کی بدولت پورے بہاولپور ڈویژن میں محرم الحرام کے ایام خیر و عافیت اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔
وفد میں حافظ راؤ خرم سلیم، صدر مرکزی متحدہ انجمن تاجران و ممبر ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی، ڈاکٹر علامہ عبدالرزاق شائق، ممبر ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی، مخدوم علی نقی ہاشمی اور میاں نجم الحسن بھٹی، ممبر ضلعی امن کمیٹی، شامل تھے۔
اس موقع پر آر پی او غازی محمد صلاح الدین (پی پی ایم) نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا کامیاب قیام پولیس، ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیوں، علمائے کرام اور شہریوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور پولیس آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اسی جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی۔