بہاولپور (نیوز ڈیسک) سول سوسائٹی کی جانب سے محکمہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سی سی ڈی بہاولپور کے ریجنل آفیسر ایس پی شفقت عطا تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل آفیسر ایس پی شفقت عطا نے کہا کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد انہیں عوام کی خدمت کا بہترین موقع ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اب تک ضلع میں تقریباً 60 فیصد جرائم پر قابو پا چکا ہے اور بہت جلد بہاولپور کو کرائم فری زون بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ جرائم اور جرائم پیشہ افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے سی سی ڈی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی کی کارکردگی عوام کے اعتماد سے ثابت ہو چکی ہے اور اب 84 فیصد شہری محکمے پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ آج پنجاب میں تاجر برادری، عام شہری اور بالخصوص خواتین خود کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورے بہاولپور ریجن میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ اس وقت کوئی بڑا جرائم پیشہ نیٹ ورک سرگرم نہیں۔
ایس پی شفقت عطا نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل سرپرستی اور اعتماد کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔ انہوں نے بہاولپور پریس کلب کی جانب سے محکمے کی حوصلہ افزائی اور مثبت رہنمائی کو سراہتے ہوئے صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مٹی کی حرمت، امن اور عوام کے تحفظ کے لیے سی سی ڈی کے افسران اور اہلکار اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں سی سی ڈی کے قیام کے بعد کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، محکمے میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور بدعنوانی کی شکایت پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر خان نے بھی تقریب کے کامیاب انعقاد پر پریس کلب کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بہاولپور پریس کلب چوہدری محمد سلیم نے تمام مہمانوں، سول سوسائٹی، وکلا، تاجر اور صنعتکار برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے تمام اداروں اور شہریوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے صدر چیمبر آف کامرس ظفر شریف، مرکزی انجمن تاجران کے سرپرستِ اعلیٰ سردار نجیب اللہ خان، متحدہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر حافظ راؤ محمد خرم سلیم، سابق صدر چیمبر آف کامرس شیخ عباس اور سابق صدر ڈسٹرکٹ بار عامر چنڑ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا اور سی سی ڈی کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر جرائم کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ریجنل آفیسر ایس پی شفقت عطا، ڈسٹرکٹ آفیسر ڈی ایس پی عرفان اکبر خان، سرکل آفیسر انسپکٹر بلال قریشی، ملک غلام عباس، انسپکٹر سی سی ڈی عبدالوحید، ابرار یونس، ماجد، وسیم اور حافظ عمیر کو اعزازی شیلڈز اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔