بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ آئندہ سیمسٹر سے یونیورسٹی کے تدریسی نصاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے کورسز سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بات یونیورسٹی کے اساتذہ اور ایلومینائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ایلومینائی ڈاکٹر شہاب یاسین، شہروز اشرف اور دیگر بھی موجود تھے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی جاب مارکیٹ میں وہی گریجویٹس نمایاں مقام حاصل کر سکیں گے جنہیں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مہارت حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا اسٹڈیز، ریاضی، کلائمیٹ سائنسز اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مختلف شعبہ جات میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماڈیولز اور پروگرامز شامل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی داخلہ مہم میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ ایلومینائی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایلومینائی نے ہر مرحلے پر جامعہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور فال داخلہ مہم میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔