لودھراں (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے ضلع کونسل کی پلاننگ برانچ کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے دوران مقررہ ہدف سے زائد ریکوری حاصل کرنے پر افسران اور اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا۔
ضلع کونسل پلاننگ برانچ کو مالی سال 2025-26 کے لیے نقشہ فیس کی مد میں 7 کروڑ 70 لاکھ روپے ریکوری کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم برانچ نے مؤثر حکمت عملی، بہتر نگرانی اور ٹیم ورک کے ذریعے ہدف سے بڑھ کر 8 کروڑ 50 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرا کے نہ صرف مقررہ ٹارگٹ کامیابی سے حاصل کیا بلکہ ضلع کونسل کی مالی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ سرکاری محصولات کی بروقت، شفاف اور مؤثر وصولی قومی خزانے کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ فرائض انجام دینے والے افسران اور اہلکار کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، جبکہ ان کی حوصلہ افزائی سے دیگر ملازمین میں بھی بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر عبدالصمد عزیز، بلڈنگ انسپکٹر راؤ محمد سجاد (تحصیل دنیاپور)، بلڈنگ انسپکٹر عاشق ڈوگر (تحصیل لودھراں)، بلڈنگ انسپکٹر عامر رسول (تحصیل کہروڑپکا) اور ڈرافٹس مین ملک سجاد احمد کو اعزازی سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا۔
تقریب کے اختتام پر ضلع کونسل پلاننگ برانچ کے افسران اور عملے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ مالی سال میں بھی اسی جذبے، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے مقررہ اہداف سے بڑھ کر نتائج حاصل کیے جائیں گے اور حکومتی محصولات میں اضافے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔