لودھراں (بیورو رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج منیر حسین گل نے منشیات کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم عبدالرشید بھٹی کو 20 سال قید بامشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
تھانہ صدر کہروڑ پکا پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرشید بھٹی کے قبضے سے 12 کلو 463 گرام چرس برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے ٹھوس شواہد اور مکمل چالان عدالت میں پیش کیا۔
ترجمان لودھراں پولیس کے مطابق مقدمے کی مؤثر پیروی، مضبوط شواہد اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج منیر حسین گل نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 20 سال قید بامشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ تفتیش، مضبوط شواہد اور بروقت قانونی پیروی کی بدولت منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات منطقی انجام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور معاشرے کا امن تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔