لودھراں (نیوز ڈیسک) پلاسٹک فری ڈے کے موقع پر محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے کی۔ ریلی میں محکمہ ماحولیات کے افسران، سول سوسائٹی، اقلیتی نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے پلاسٹک کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے بے دریغ استعمال سے ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف خطرناک بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع لودھراں کو پلاسٹک فری بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 75 مائیکرون سے کم موٹائی اور 12×16 انچ سے چھوٹے پلاسٹک شاپر بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضر صحت پلاسٹک نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی خاموش قاتل ثابت ہو رہا ہے اور مختلف ذرائع سے ہماری خوراک کا حصہ بن کر کینسر، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پلاسٹک فری مہم کی کامیابی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
ریلی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر منزہ نسیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر علیم ساگر، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اقلیتی رہنما جیکب آفتاب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ریلی کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے شرکاء میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کیے اور شہریوں کو پلاسٹک کے بجائے ماحول دوست متبادل اشیاء استعمال کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر محکمہ ماحولیات کی جانب سے عوامی مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے، جبکہ لودھراں کی تاجر برادری سے ممنوعہ پلاسٹک شاپرز کے استعمال سے گریز کرنے کا عہد بھی لیا گیا۔