بہاولپور (نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین نے کہا ہے کہ عوام کو جدید، مؤثر اور بہترین پولیسنگ کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل، وسائل کے مؤثر استعمال اور پولیس ویلفیئر امور کی مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی معاملات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ ہدایات انہوں نے ریجنل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان عرفان علی سموں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ریجن بہاولپور کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں، تکمیلی مراحل، مجوزہ افتتاح، سائبان منصوبوں، شہداء پولیس ویلفیئر کیسز اور دیگر انتظامی و فلاحی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مکمل ہونے والی سکیموں، مجوزہ افتتاحی تاریخوں، سائبان منصوبوں اور شہداء پولیس ویلفیئر کیسز پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور مجوزہ افتتاحی مراحل بھی بروقت پایۂ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سائبان منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور شہداء پولیس کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود سے متعلق زیر التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا کر ان کی بروقت داد رسی یقینی بنائی جائے۔