رپورٹ: حافظ علی رضوی
لودھراں (نیوز ڈیسک) لودھراں جمخانہ کلب کے سالانہ انتخابات برائے 2026-27 میں محمد خالد گجر 380 ووٹ حاصل کرکے سیکرٹری منتخب ہو گئے، جبکہ ان کے مدمقابل رانا شعیب حارث 268 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 654 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے چار ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی گیلانی نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد طیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے محمد خالد گجر اور رانا شعیب حارث کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی۔
نتائج کے مطابق محمد خالد گجر 380 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ رانا شعیب حارث 268 ووٹ حاصل کر سکے۔ چار ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔
ممبر بورڈ آف گورنرز کے چار امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے تھے، تاہم ان کے درمیان زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا مقابلہ بھی ہوا۔ نتائج کے مطابق زین العابدین 291 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، عامر افضل 156 ووٹ کے ساتھ دوسرے، محمد اعظم 128 ووٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ محمد جواد سعید 73 ووٹ حاصل کرکے چوتھے نمبر پر رہے۔
ووٹوں کی گنتی تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے بہترین انتظامی اور سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، جس کے باعث انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی گیلانی نے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا۔